اکستان ڈس ایبل کرکٹ ٹیم کے کپتان نہار کی آپ بیتی ،جس نے عالم میں خود کو منوایا (آخری حصہ )عمر شاہین

اکستان ڈس ایبل کرکٹ ٹیم کے کپتان نہار کی آپ بیتی ،جس نے عالم میں خود کو منوایا (آخری حصہ )عمر شاہین

پاکستان کے کامیاب کپتان ،سب کے لئے عزم و ہمت کی مثالنہار عالم نے پاکستان ڈس ایبلڈ کرکٹ سرکل میں شامل ہونے کے بعد پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور کامیابیاں سمیٹتے چلے گئے ۔ وہ جہاں پاکستان کی جانب سے نیشنل اور انٹر نیشنل کرکٹ کھیل رہے تھے وہیں اپنے علاقے میں ملازمت کے ساتھ ساتھ لوکل کرکٹ میں بھی متواتر شریک ہوتے تھے ،ان کا کلب ایچ سی سی آران کی شمولیت کے بعد رفتہ رفتہ اپنے صوبے خیبر پختونخواہ کا ٹاپ کلب بن گیا اور اس کا ٹاکرا اکثر فخرزمان کے کلب سے ہوتا رہتا ہے ۔ یہ دونوں کلب خیبر پختونخواہ کے ٹاپ کلبز ہیں ، نہار عالم ایک ڈس ایبلڈ کرکٹر ہونے کے باوجود اس مسابقتی کرکٹ میں آج بھی فعال کردار ادا کر رہے ہیں جو کسی بھی نارمل کرکٹر کے لئے بھی کسی چیلنج سے کم نہیں ۔ ایسے ہی ایک میچ کا تذکرہ کرتے ہوئے نہار عالم نے بتایا کہ ایک میچ میں جب میں کریز پر گیاتوان کی ٹیم کو22گیندوں پر92رنز کی ضرورت تھی ۔ میں نے اپنے بیٹنگ پارٹنر سے کہا کہ جیسا میں کہوں آپ نے ویسا ہی کرنا ہے اور مجھے سنگل لے کر اسٹرائیک دینی ہے ۔ میں نے تن تنہا ٹارگٹ حاصل کرکے ایک گیند قبل میچ جتوادیا،لوگوں نے جب مجھے ایک ہاتھ سے چھکے لگاتے دیکھا تو وہ حوصلہ افزائی کی کہ خدا کی پناہ!! ۔ اس میچ کے بعد میری جتنی پذیرائی ہوئی وہ آج بھی مجھے خواب کی سی لگتی ہے ۔ نیشنل ڈس ایبلڈ کرکٹ کھیلنے کے بعدانہیں ملک گیر شہرت حاصل ہوئی، خاص طور پر جب پاکستان کے کسی بھی شہر میں لوگ ان کی بیٹنگ دیکھتے تو داد دیے بغیر نہیں رہ سکتے تھے،ان کے فینز کا حلقہ وسیع ہوتا چلا جا رہا ہے ۔نہار عالم پاکستان ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہر دورے پر بیرون ملک گئے ،جہاں انہوں نے پاکستان ٹیم کی کامیابی میں کردار ادا کیا ۔ بیرون ملک بھی لوگ ان کی ایک ہاتھ سے بیٹنگ اور بالنگ کو دیکھ کر حیران ہوتے تھے اور جب وہ ان کو کسی نارمل کرکٹر کی طرح گیند کو فیلڈ کرتا دیکھتے تو یہ حیرت دو چند ہو جاتی تھی ۔ نہار عالم نے بیرون ممالک میں اپنی بیٹنگ اور بالنگ دونوں سے پاکستان کو کئی میچز میں کامیابی دلوائی ہے ۔ وہ مڈل آرڈر میں بیٹنگ کرتے ہیں ،اس پوزیشن پر ان کی متعدد ففٹیز ہیں جنہوں نے ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا ۔ بنگلہ دیش کے دورے پر وہ آٹھ وکٹوں کے ساتھ سر فہرست رہے تھے جبکہ انگلینڈ کے خلاف بھی انہوں نے آل راءونڈ کھیل پیش کر کے نا صرف اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی بلکہ بطور کپتان ٹرافی بھی اٹھائی ۔ ویسے بھی انگلینڈ میں جیتنا ہر پاکستانی کپتان کی خواہش ہوتی ہے ،نہار عالم کو اس خواب کی تعبیر بھی مل چکی ہے جب انہوں نے 2019 میں کرکٹ کی جنم بھومی انگلینڈ میں ورلڈ کرکٹ سیریز کی فاتح ٹرافی اٹھائی ۔ اس کے باوجود کہ اسی ایونٹ کے دوران ان کی بیٹی انتقال کر گئی تھی ،انہوں نے کمال صبر و ضبط کا مظاہرہ کیا،وطن واپسی کا آپشن ملنے کے باوجود ایونٹ کھیلنا گوارا کیا ،انہوں نے نا صرف عمدہ کرکٹ کھیلی بلکہ پاکستان کو کامیابی بھی دلائی ۔ وہ میچ میں حیرت انگیز کیچ کر کے دیکھنے والوں کو حیران کر دینے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے ،نیشنل اور انٹر نیشنل میچز میں مختلف فیلڈنگ پوزیشنز پر ان کے کیچز کی تعداد80سے زائد بنتی ہے ۔زبردست کرکٹ مائنڈ کے حامل نہار عالم کو 2016 میں پاکستان ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم کا کپتان بنایا گیا تھا ،ان کی کپتانی میں پاکستان ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم نے بین الاقوامی دوروں اور پاکستان میں 15میچز کھیلے ہیں جس میں پاکستان نے13 میں کامیابی سمیٹی اور صرف دو میچوں میں ا سے شکست ہوئی ۔ اس ریکارڈ سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ نہار عالم کو قدرت نے کرکٹ کے حوالے سے کس قدر ذرخیز ذہن عطا کیا ہے ۔ پاکستان ڈس ایبلڈ کرکٹ ایسوسی ایشن بھی نہار عالم کی کرکٹ صلاحیتوں کی معترف ہے ۔ دو سال قبل جب پاکستان کرکٹ بورڈ نے نہار عالم کو بیسٹ کرکٹر کا ایوارڈ دیا تو اس میں بھی یقینی طور پر پی ڈی سی اے کی کاوشوں کا بہت دخل تھا کیونکہ پی ڈی سی اے ہی نے پاکستان کے ڈس ایبلڈ افراد کی کرکٹ صلاحیتوں کو سامنے لانے اور انہیں نکھارنے کا بیڑا اٹھایا تھا ،پاکستان کی ذر خیز مٹی میں نہار عالم ایسے کئی ڈس ایبلڈ کرکٹرز آج بھی موجود ہیں جنہیں سامنے لانے اور انہیں نہار عالم جیسا نایاب گوہر بنانے کی ضرورت ہے اور پی ڈی سے اے یہ کام بخوبی کر رہی ہے ،نہار عالم نا صرف اپنے جیسے ڈس ایبلڈ افراد بلکہ نارمل لوگوں کے لئے بھی قابل تقلید ہیں جنہوں نے نا مساعد حالات کے باوجود ہمت نہیں ہاری ،درست سمت میں اپنا سفر جاری رکھا ،خلوص نیت سے محنت کی اور ’’تنگی ‘‘جیسے پس ماندہ علاقے سے اٹھ کر انگلینڈ کے گراءونڈز پر اپنی صلاحیت کے جوہر دکھائے اور کامیابی سمیٹی ،فاتح ٹرافی اٹھائی،دنیا کے بہترین اسٹیڈیمز پر کرکٹ کھیلی ۔ یہ بات یادرکھنے کی ہے کہ قدرت بھی ان کی مدد کرتی ہے جو اپنی مدد آپ کرتے ہیں اس بات کو نہار عالم سے زیادہ کون بہتر جانتا ہوگا

Share this post

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *