پاکستان ڈس ایبلڈ کرکٹ کے عروج کا سفر آج بھی جاری ہے (چودھواں حصہ)

پاکستان ڈس ایبلڈ کرکٹ کے عروج کا سفر آج بھی جاری ہے (چودھواں حصہ)

عمرشاہین

ُپاکستان نے انگلینڈ میں 2018 میں منعقدہ تین ملکی ڈس ایبلڈ کرکٹ سیریز کے پہلے ہی میچ میں میزبان انگلینڈ کو با آسانی78رنز سے شکست دے کر ناصرف سب کو حیران کیا بلکہ ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کیا اور اپنے اس ٹیمپو کو آخر تک برقرار بھی رکھا ۔ اس میچ میں پاکستان نے نا صرف بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کیا بلکہ بالنگ میں اپنا جادو جگایا ۔ میں بتاتا چلوں کہ انگلینڈ کی ٹیم اس ٹورنامنٹ کےلیے ہاٹ فیورٹ تھی کیونکہ اس نے2015 میں بنگلہ دیش میں منعقدہ پانچ ملکی کرکٹ ٹورنامنٹ جیت رکھا تھا اور یہ کہ اس نے مذکورہ ایونٹ کے فائنل میں پاکستان کو شکست دی تھی ۔ وورسٹر شائر یو نیورسٹی گراءونڈ پر ہونے والے اس یادگار میچ میں پاکستان کی جانب سے محمد شہباز نے شاندار ،جاندار اور میچ وننگ سنچری اسکور کی انہوں نے 121رنز بنائے اور پاکستان کو 224کے مجموعہ تک پہنچنے میں مدد دی ،جواب میں انگلش ٹیم 146رنز پر ڈھیر ہو گئی ۔ پاکستان کی جانب سے کپتان نہار عالم نے صرف11رنز کے عوض چار وکٹیں لے کر میزبان سائیڈ کو کم اسکور تک محدود رکھا ۔

اس میچ میں شاندار کامیابی نے ڈس ایبلڈ کرکٹر زکے حوصلوں کو مزید بلند کر دیا ،انہیں سب سے زیادہ خوشی اس بات کی تھی کہ انہوں نے کرکٹ کی جنم بھومی انگلینڈکی سرزمین پر اپنے پہلے ہی میچ میں زبردست کامیابی سمیٹی ہے ۔ فتح کے نشے میں سرشار پاکستان ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم نے ہوٹل واپس پہنچ کر ٹیم آفیشلز اور پی ڈی سی اے کے ساتھ فتح کا جشن منایا ۔ خدا کے حضور سجدہ شکر بھی ادا کیا اور نظم و ضبط میں رہتے ہوئے اس فتح کو انجوائے بھی کیا ،خاص طور پر سنچری میکر محمد شہباز ،جو میچ کے مردمیدان بھی تھے ،کی سب نے تعریف کی جبکہ نہار عالم بھی جادوئی بالنگ کر نے کے بعد پھولے نہیں سما رہے تھے ۔ پی ڈی سی اے نے بھی قومی ٹیم کی اس کامیابی پر بہت ستائش کی ۔

پاکستان ڈس ایبلڈکرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کو با آسانی شکست دینے کے بعد اگلے میچ میں بنگال ٹائیگر بنگلہ دیش کو بھی اسی آسانی سے 45رنز سے ہرا کر اپنے حوصلوں کو مزید بلند کیا ۔ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے پانچ وکٹوں پر180 رنز اسکور کیے اس کی جانب سے واجد عالم نے74رنز اسکور کیے تھے ۔ جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 135رنز پر آءوٹ ہو ئی اور پاکستان نے مسلسل دوسری کامیابی سمیٹی ،پاکستان کی جانب سے ایک بار پھر نہار عالم دو وکٹ لے کر نمایاں رہے ۔ دو میچوں میں کامیابی کے بعد ٹیم انتظامیہ نے آرام والے دن کھلاڑیوں کو سیر و تفریح کی اجازت دی ،کھلاڑیوں نے وورسٹر شائر کاءونٹی کا وزٹ کیا اور کئی تاریخی جگہیں اور عمارات دیکھیں جو اس سے قبل وہ صرف موویز میں دیکھا کرتے تھے ۔

ڈبل لیگ فارمیٹ کے تحت پاکستان کا اگلا میچ انگلینڈ کے ساتھ تھا جس میں پاکستان کو 6وکٹوں سے شکست ہوئی اس کی وجہ یہ رہی کہ ٹیم انتظامیہ نے اس دوسرے میچ میں ان کھلاڑیوں کو کھیلنے کا موقع فراہم کیا جو اس سے پہلے دونوں میچ نہیں کھیل سکے تھے ۔ پاکستان کی ٹیم پہلے کھیل کر 7وکٹوں پر 160رنز بناپائی اس کی جانب سے مطلوب قریشی نے35رنز اسکور کیے جبکہ جواب میں میزبان نے چار وکٹوں پر ہدف حاصل کر لیا ۔ اس شکست پر کئی ڈس ایبلڈ کرکٹرز دل گرفتہ تھے ،ایسے میں پی ڈی سی اے نے ان کھلاڑیوں کی ہمت بندھائی اور انہیں نئے عزم و حوصلے کے ساتھ اگلے میچوں میں صلاحیتوں کے اظہار کی ترغیب دی ۔

اس شکست کے بعد پاکستان کو فائنل تک رسائی کےلیے بنگلہ دیش کو شکست دینا لازمی ہو گیا تھا ،پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو صرف5رنز سے مات دے کر ٹاءٹل میچ میں جگہ بنائی ،پاکستان نے پہلے کھیل کر محمد شہباز کے53رنز کی بدولت 139رنز بنائے اور جواب میں بنگلہ دیش کو 134رنز پر آءوٹ کر لیا ۔ نہار عالم نے تباہ کن بالنگ کی اور 9رنز کے عوض تین بنگالی بیٹسمینوں کو آءوٹ کر کے بنگلہ دیش کی کمر توڑی ۔ اس کامیابی نے پاکستان کو فائنل میں پہنچا دیا ۔ (جاری ہے)

Share this post

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *