پاکستان ڈس ایبلڈ کرکٹ کے عروج کا سفر آج بھی جاری ہے (اکیسواں حصہ)
عمرشاہین
پاکستان ڈس ایبلڈ کرکٹ ایسوسی ایشن نے 2019کے اوائل میں ہی اعلان کر دیا تھا کہ پاکستان کی نیشنل ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم اس سال انگلینڈ میں شیڈول نارمل کرکٹ کے ورلڈ کپ کے ساتھ ساتھ ورلڈ ڈس ایبلڈ کرکٹ سیریزبھی کھیلے گی ۔ اس اعلان کے بعد قومی ڈس ایبلڈ کرکٹرز میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے مارچ میں کراچی میں شیڈول آٹھویں ڈس ایبلڈٹی 20 پینٹینگولر کپ کی جوش و خروش سے تیاری شروع کر دی ۔ جیسا کہ میں اس سے قبل تحریر کر چکا ہوں کہ اس ایونٹ کے لئے پاکستان ڈس ایبلڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کی سلیکشن کمیٹی ٹی میں تشکیل دیا کرتی ہے،سلیکشن کمیٹی میں اقبال امام ،صبیح اظہر،جاوید اشرف اور محمد جاوید شامل تھے، ایونٹ میں تمام ٹیموں کو ہم پلہ بنایاجاتا ہے اسی لئے پاکستان کے کسی بھی ریجن کا کھلاڑی کہیں سے بھی کھیل سکتا ہے ۔ اس ٹورنامنٹ کو بھی نیشنل بینک آف پاکستان نے اسپانسر کیا تھا جو ایک بڑے قومی ادارے کی جانب سے پی ڈی سی اے کے کام ،ڈس ایبلڈ کرکٹ ،ڈس ایبلڈ کرکٹرز پر اس کی دلی وابستگی کا مکمل اظہار و اعتماد بھی تھا ۔
آٹھویں ڈس ایبلڈٹی 20 پینٹینگولر کپ کے میچز نیشنل بینک آف پاکستان اسپورٹس کمپلیکس کے ساتھ ٹی ایم سی کرکٹ گراءونڈ اور آر ایل سی اے گراءونڈ پر بھی کھیلے گئے ۔ ایونٹ کے پہلے میچ میں پنجاب ڈس ایبلڈ نے سندھ ڈس ایبلڈ کو پانچ وکٹوں سے ،دوسرے میچ میں بلوچستان نے خیبر پختونخواہ کو سات وکٹوں سے ،تیسرے میچ میں پنجاب ڈس ایبلڈ نے بلوچستان ڈس ایبلڈ کو69رنز سے ، چوتھے میچ میں فیڈرل ایریا ڈس ایبلڈ نے خیبر پختونخواہ کو سات وکٹوں سے ،پانچویں میچ میں فیڈرل ایریا ڈس ایبلڈ نے پنجاب ڈس ایبلڈ کو آٹھ وکٹوں سے، چھٹے میچ میں بلوچستان ڈس ایبلڈ نے سندھ ڈس ایبلڈ کو عادل عباسی کے118رنز کی بدولت پانچ وکٹوں سے ،ساتویں میچ میں فیڈرل ایریا نے سندھ کو اور آٹھویں میچ میں خیبر پختونخواہ ڈس ایبلڈ نے پنجاب ڈس ایبلڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی ۔
گروپ میچوں کے اختتام کے بعد دفاعی چیمپئن فیڈرل ایریا ز ڈس ایبلڈ اور پنجاب ڈس ایبلڈ نے فائنل میں جگہ بنائی ۔ اس ایونٹ کے دوران ہی پاکستان ڈس ایبلڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کی سلیکشن کمیٹی تمام کرکٹرز کی کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لیتی رہی تاکہ ایونٹ کے اختتا م پر پاکستان ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم کے دوسرے دورہ انگلینڈ کے حوالے سے شیڈول تربیتی کیمپ کے لئے کرکٹرز کا اعلان کر سکے ۔ اس تناظر میں فائنل تک رسائی پانے والی ٹیموں فیڈرل ایریا ز اور پنجاب کے کھلاڑیوں کی خوشی دیدنی تھی اور وہ فائنل میں بھی بہترین پرفارمنس دکھانے کے لئے پر عزم تھے ۔ جیسا کہ پہلے تحریر کیا جا چکا ہے کہ پاکستان کے ڈس ایبلڈ کرکٹرز نے 2018 میں کئے گئے انگلینڈ کے پہلے دورے میں تاریخی کامیابی حاصل کی تھی اور یہ کہ اس پہلے دورے کی یادیں کھلاڑیوں کے اذہان میں ابھی تک تازہ تھیں اور ہر کوئی چاہتا تھا کہ اس کی کارکردگی کی بنیاد پر اس کا نام اس بار بھی قومی ٹیم میں شامل ہو ۔
کھلاڑیوں کی اس سوچ اور عزم کے باوجود پنجاب کے لئے فائنل یک طرفہ ثابت ہوا ،دفاعی چیمپئن فیڈرل ایریا ڈس ایبلڈ نے مد مقابل پنجاب ڈس ایبلڈ کو 101رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی ۔ این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کلفٹن پر کھیلے گئے فائنل میں فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے تین وکٹوں پر 191رنز بنائے ۔ اس کی جانب سے جہانزیب ٹوانہ نے 68رنزاسکور کئے جبکہ حمزہ حمید نے 66رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی ۔ جواب میں پنجاب ڈس ایبلڈ کی ٹیم90رنز پر ڈھیر ہوگئی ،اس کی جانب سے عمر فاروق 28رنز بناکر نمایاں رہے ۔ واجد عالم اور وقاص احمد12-12رنز بنا سکے ۔ فاتح ٹیم کی جانب سے جہانزیب ٹوانہ اور گوہر علی نے دو دو وکٹ لئے ۔ فاتح ٹیم کو دولاکھ روپے اور رنر اپ کو ایک لاکھ روپے کیش انعام دیا گیا ۔ جہانزیب ٹوانہ مین آف دی میچ قرار دیے گئے ۔ فیڈرل ایریاز کے حمزہ حمید کو 267رنز بنانے پر بہترین بیٹسمین کا ایوارڈ دیا گیا ۔
فیڈرل ایریاز کے گوہر علی ایونٹ میں 9وکٹیں حاصل کر کے بہترین بالر ،فیڈرل ایریاز ہی کے امان اللہ بھٹی 6 کیچز کے ساتھ بہترین فیلڈر جبکہ بلوچستان کے عادل عباسی 253رنز بنانے کے ساتھ ساتھ تین وکٹیں لے کر ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔ آٹھویں ڈس ایبلڈٹی 20 پینٹینگولر کپ کے اختتام کے فوری بعد پاکستان ڈس ایبلڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کی سلیکشن کمیٹی نے ورلڈ ڈس ایبلڈ کرکٹ سیریز کے لئے32کھلاڑیوں کا اعلان بھی کر دیا تھا ۔ (جاری ہے )
Leave a Reply